صحت اور تعلیم کی سہولیات بڑھانے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی ، سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ اربن پلاننگ پنجاب

بدھ 25 جون 2025 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) راوی شہر میں صحت عامہ کی عالمی سطح پر سہولیات کی فراہمی ایک قابل فخر عمل ہے ، ملکی وغیر ملکی سرمایہ کار اس حوالے سے اربوں روپے کی انوسٹمنٹ کیلئے تیار ہیں ،حکومت پنجاب اس سلسلہ میں مکمل تعاون کرے گی ،ان خیالات کا اظہار مقررین نے روڈا کے زیر اہتمام پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ برائے طبی سرمایہ کار ی کے مذاکرہ میں خطاب کر تے ہوئے کیا۔

ایوان وزیراعلیٰ میں ہونیوالے اس مذاکرہ میں روڈا،محکمہ صحت کے حکام کے علاوہ مختلف ہسپتالوں، میڈیکل انسٹیوٹ، ڈینٹل کالجز، طبی مراکز کے نمائندگان بھی شریک ہوئے جبکہ ای ڈی کمرشل روڈا کاشف قریشی، فاطمہ علی خان ڈائریکٹر نے طبی سرمایہ کاری کے حوالے سے راوی شہر کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سلطان طارق باجوہ پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائوسنگ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کیلئے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے کلینک آ ن ویل منصوبہ کی طر ح راوی شہر میں عالمی معیار کے طبی مراکز کا بنناخوش آئند ہے،حکومت راوی شہر کے ان ہیلتھ منصوبوں کو پوری معاونت فراہم کریگی۔

مذاکرہ سے خطاب میں نور الامین مینگل سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ اربن پلاننگ پنجاب نے کہا کہ صوبہ میں صحت اور تعلیم کی سہولیات کو حددرجہ بڑھانے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی ،ہمیں شہر بساتے ہوئے صحت مراکز کے قیام کیلئے اراضی کی فروخت مناسب ریٹ پر کرتے ہوئے پرائیویٹ ہسپتالوں کو اس بات کا پابند بنانا چاہیے کہ وہ ان میڈیکل سنٹر میں 50فیصد غریب شہریوں کا علاج مفت کریں ۔

پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ میں راوی شہر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران امین نے اپنے خیالات کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ راوی شہردنیا میں دریاکے ساتھ 46کلومیٹر لمبا ریور فرنٹ ہے جہاں پر 50لاکھ افراد سکونت پذیرہونگے 2020میں بننے والی راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لاہور کے ساتھ ایسے شہر کا قیام عمل میں لائیگی جوماحول دوست اور اسٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا، وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت یہاں تعلیم اور صحت کی سہولیات عالمی سطح کے معیا ر زندگی سے مزین ہونگی جس کیلئے ہم نے شروعات کردیں طبی سرمایہ کاری کے حوالے سے آج کا مذاکرہ اس کی پہلی کڑی ہے۔