Live Updates

لبنان کی تعمیرِ نو، عالمی بینک کا 250 ملین ڈالر دینے کا اعلان

جمعرات 26 جون 2025 09:00

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) عالمی بینک نےاعلان کیا کہ اس نے لبنان کی تعمیرِ نو اور بحالی کے لیے 250 ملین ڈالر کے منصوبے کی منظوری دی ہے جو اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان گذشتہ سال کی تباہ کن جنگ سے متأثر ہوا۔العربیہ کے مطابق بینک نے پہلے تخمینہ لگایا تھا کہ تعمیرِ نو اور بحالی پر تقریباً 11 بلین ڈالر کے اخراجات ہوں گے۔

بینک نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے کل لبنان کو 250 ملین امریکی ڈالر اعانت کی منظوری دی ہے تاکہ تباہ شدہ اہم عوامی انفراسٹرکچر اور زندگی کے لیے ضروری خدمات کی فوری مرمت و تعمیرِ نو اور تنازعات سے متأثرہ علاقوں میں ملبے کے پائیدار انتظام میں مدد کی جائے۔عالمی بینک کے شعبہ ترقئ شرقِ اوسط کے ڈویژن ڈائریکٹر ژاں کرسٹوف کیریٹ نے کہا، "لبنان کی تعمیرِ نو کی بڑی ضروریات کے پیشِ نظر یہ منصوبہ ایک بلین ڈالر کے توسیع پذیر فریم ورک کے طور پر تشکیل دیا گیا ہے جس کے لیے عالمی بینک ابتدائی 250 ملین کا تعاون کرے گا۔

(جاری ہے)

لبنانی وزیرِ اعظم نواف سلام نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس منصوبے کو "جنگ سے متأثرہ علاقوں میں اہم بنیادی ڈھانچے اور ضروری خدمات کو پہنچنے والے نقصان کی تعمیرِ نو میں ایک اہم قدم" قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ تعاون ریاست کی زیرِ قیادت لائحہ عمل کے اندر بحالی کی کوششوں کو تقویت دیتا ہے اور انتہائی ضروری اضافی مالی اعانت کے اثرات بڑھاتا ہے۔لبنان کی حکومت کو درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک تعمیرِ نو ہے اور بیروت جنگ کے بعد بحالی کے لیے غیر ملکی مالی امداد کی تلاش میں ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات