کراچی، زمان ٹائون میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار

جمعرات 26 جون 2025 14:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)شہر قائد کے علاقے کورنگی ساڑھے تین نمبر چائنا گرائونڈ کے قریب زمان ٹائون پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق مشتبہ افراد علاقے میں واردات کی نیت سے موجود تھے، جنہیں روکنے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

(جاری ہے)

جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمی ملزم کو حراست میں لے لیا۔چھیپا فائونڈیشن کے رضا کاروں نے ہلاک ملزم کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی، جبکہ زخمی ڈاکو کو بھی طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت 24 سالہ محمد علی اور زخمی ملزم کی شناخت 25 سالہ فیصل کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے کرمنل ریکارڈ اور وارداتوں کی تاریخ سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔