بگ کیچ اپ، ایچ پی وی اورخسرہ مہمات کی تیاری کے سلسلے میں سندھ ای پی آئی ٹیم نے فیلڈ مانیٹرنگ کا سلسلہ تیز کر دیا

جمعرات 26 جون 2025 19:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) محکمہ صحت سندھ کے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات(ای پی آئی)نے آئندہ اہم مہمات جیسے کہ بگ کیچ اپ، ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی ) کی ویکسین مہم اور خسرہ کی ویکسینیشن مہم کی تیاریوں کو موثر اور بروقت بنانے کیلئے مختلف اضلاع میں فیلڈ دوروں کا سلسلہ تیز کر دیاگیا ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق ای پی آئی سندھ کے پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر راج کمار اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل رضا شیخ کی قیادت میں صوبائی ٹیمیں فیلڈ میں سرگرم ہیں۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈاکٹر ارسلان میمن، ڈاکٹر عدنان خان،ڈاکٹر طارق مسعود اور دیگر افسران بھی شامل ہیں، جو فکسڈ سائٹس، بنیادی صحت مراکز اور آئوٹ ریچ سیشنز کا دورہ کر کے ویکسینیٹرز کی کارکردگی، کولڈ چین کی دستیابی، ویکسین کی فراہمی اور مائیکرو پلاننگ کا جائزہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ای پی آئی سندھ کے پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر راج کمارکے کہاہے کہ ان دوروں کا مقصد جاری حفاظتی ٹیکہ جات کی سرگرمیوں کی نگرانی، ڈیٹا کی درستگی کی تصدیق اور ضلعی سطح پر خدمات کی بہتری کو یقینی بنانا ہے۔

حالیہ دورے جن اضلاع میں کیے گئے ان میں مٹیاری، لاڑکانہ، سکھر، ٹھٹھہ، دادو، جامشورو، نوشہرو فیروز، حیدرآباد اور کراچی کے مختلف علاقے شامل ہیں۔ضلع نوشہرو فیروز میں لیڈی ہیلتھ سپروائزرز کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا گیا، جس کا مقصد لیڈی ہیلتھ ورکرز کے نیٹ ورک کے ذریعے مسنگ اور زیرو ڈوز بچوں کی بازیابی ہے، یہ عمل دو دن میں مکمل کیا جائے گا کیونکہ ضلع کا 80فیصد حصہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے کور کیا جا چکا ہے، جو موثر مائیکرو پلاننگ کے لیے ایک بڑی سہولت ہے۔

یہ تمام سرگرمیاں اس بات کا مظہر ہیں کہ ای پی آئی سندھ بچوں کی ویکسینیشن کے حوالے سے نہ صرف پُرعزم ہے بلکہ زمینی سطح پر ضلعی ٹیموں کے ساتھ مل کر حقیقی وقت میں درپیش مسائل کا حل بھی تلاش کر رہی ہے۔ ایچ پی وی مہم میں خاص طور پر نوعمر لڑکیوں پر توجہ دی جا رہی ہے، جن کے لیے حساس اور موزوں کمیونیکیشن حکمت عملیوں کی ضرورت ہے، ان فیلڈ سرگرمیوں کا مقصد نہ صرف بہتر کوریج حاصل کرنا ہے بلکہ عوامی اعتماد اور شفافیت کے ساتھ آئندہ مہمات کی کامیاب تکمیل کو بھی یقینی بنانا ہے۔