حضرت عمرکا طرزِ حکمرانی اقوام عالم کیلئے مشعل راہ ہی: محمد سلیم قادری

جمعرات 26 جون 2025 21:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2025ء) پاکستان سنی تحریک لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری، محمد سلیم قادری نے کہا ہے کہ حضرت عمرکا طرزِ حکمرانی اقوام عالم کیلئے مشعل راہ ہے،سیدنا فاروق اعظم کی ساری زندگی، جہاد اور حق و باطل میں فرق و امتیاز سے عبارت رہی ہے، سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کا عہدخلافت اسلام کا سنہری باب ہے۔

اپنے جاری بیان میں انہو ں نے کہاکہ تاریخ اسلام میں نظامِ حکومت کے باب میں عہدِ رسالتؐ کے بعد جو عہدِ حکومت تمام زمانوں میں دنیا بھر کے حکمرانوں کے لیے طرزِ حکمرانی کے اعتبار سے چمکتا اور دمکتا رہا ہے وہ حضرت عمر کا عہد ہے حضرت عمر نے اپنے عہد میں اسلام کے نظامِ حکومت کی ایک منظم، مربوط اور فعال داغ بیل ڈالی آپ نے اپنی اعلی طرزِ حکمرانی کے ذریعے ہی اپنی سلطنت کو اس حد تک وسعت دی کہ قیصر و کسری کی وسیع سلطنت بھی اسلامی ریاست کا حصہ بن گئیں، حضرت عمرکا طرزِ حکمرانی شخصی نہیں بلکہ جمہوری تھا۔

(جاری ہے)

حکمرانی کا جمہوری انداز ہی تعلیماتِ اسلام کے موافق ہے شخصی حکمرانی میں عوام کی رائے شامل نہیں ہوتی اور ایک شخص ہی تمام تر معاملات میں کل اختیارات اور تمام قضایا اور فیصلہ جات کا مالک ہوتا ہے آپ الصلوجامع کے الفاظ کے ذریعے ایک اعلان کراتے تھے جس کے مطابق لوگ مسجد نبویؐ میں جمع ہوجاتے پھر آپ رضی اللہ عنہ دو رکعت نماز نفل ادا کرتے تھے اس کے بعد اپنا مدعا اور مقصد لوگوں کے سامنے بیان کرتے آپ معمولی اور روزمرہ کے فیصلے اسی مجلس میں کیا کرتے تھے جو اسلامی دنیا کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔