حضرت کبیر الدین شاہ دولہ دریائی، گجرات کے سالانہ عرس کاآغاز

سالانہ عرس کا افتتاح رسم چادر پوشی سے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کیا

جمعرات 26 جون 2025 22:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے حضرت شاہ دولہ دریائی گجرات کی361ویں سالانہ عرس کا افتتاح کیا اور رسمِ چادر پوشی ادا کی۔سیکریٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرتے ہوئے کہا کہ صوفیا نے سوسائٹی کو ہمیشہ امن اور محبت کا درس دیا۔

دینی طبقات محرم میں قیام امن کو یقینی بنائیں۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے صوفیا کی تعلیمات کا ابلاغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت دین اسلام کی آفاقی قدروں پر پختہ ایمان رکھتی ہے۔ خانقاہیں سوسائٹی کا نیو کلیس اور لوگوں کی آسودگی کا ذریعہ ہیں۔ صوفیا خدمتِ خلق کے سب سے بڑے داعی تھے۔ خانقاہ انسانی خدمت کا اہم ترین مرکز ہے۔

(جاری ہے)

صوفیا نے دینی اور علمی روایات کو فروغ بخشا۔انہوں نے کہا کہ ویلفیئر سٹیٹ کی تشکیل کے لیے صوفیا کے نظام فکر و عمل ہی سے راہنمائی ممکن ہے۔ عام آدمی کی فکر اور معاشرتی کفالت اور رہنمائی کے لیے خانقاہ کے تاریخ ساز کردار کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔عصر ِ حاضر میں انسانی ضروریات اور مسائل سے عہدہ برا ہونے کے لیے صوفیا کے فلسفہ محبت و ایثار سے اکتسابِ فیض کرنا ضروری ہے۔

افتتاحی تقریب میں منیجر اوقاف سید عثمان شاہ، زونل خطیب اوقاف بشیر احمد فارقی اور ضلعی خطیب اوقاف مولانا حافظ سعید، چیئرمین و ممبران امور مذہبی کمیٹی دربار شریف اورعلمی، دینی اور روحانی حلقوں کی ممتاز اور معتبر شخصیات سمیت زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی سعادت حاصل کی۔اس موقع پرسیکرٹری اوقاف نے دربار کے توسیعی منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ مزارات کی تزئین و تعمیر از حد ضروری اور خانقاہی نظام کا احی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بین المسالک کا قیام اوربین المذاہب مکالمے کے حوالے سے مضبوط اور مستحکم ماحول موجود ہے۔واضح رہے کہ عرس پاک کی تین روزہ تقریبات میں علمی و دینی محافل کے ساتھ، صوفی کے افکار و احوال اور بالخصوص حضرت شاہ دولہ دریائی کی تعلیمات کے ابلاغ سمیت محکمہ اوقاف کی طرف سے سیکیورٹی، صفائی اور لنگر کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔