حضرت کبیرالدین شاہ دولہ دریائی، گجرات کے سالانہ عرس کاآغاز

جمعرات 26 جون 2025 22:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2025ء) سیکرٹری/ چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے حضرت شاہ دولہ دریائی گجرات کی361 ویں سالانہ عرس کا افتتاح کیا اور رسمِ چادر پوشی ادا کی۔سیکریٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخآری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرتے ہوئے کہا کہ صوفیاء نے سوسائٹی کو ہمیشہ امن اور محبت کا درس دیا۔

دینی طبقات محرم میں قیام امن کو یقینی بنائیں۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے صوفیاء کی تعلیمات کا ابلاغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت دین اسلام کی آفاقی قدروں پر پختہ ایمان رکھتی ہے۔ خانقاہیں سوسائٹی کا نیوکلیس اور لوگوں کی آسودگی کا ذریعہ ہیں۔ صوفیاء خدمتِ خلق کے سب سے بڑے داعی تھے۔ خانقاہ انسانی خدمت کا اہم ترین مرکز ہے۔

(جاری ہے)

صوفیاء نے دینی اور علمی روایات کو فروغ بخشا۔انہوں نے کہا کہ ویلفیئر سٹیٹ کی تشکیل کے لیے صوفیاء کے نظام فکر و عمل ہی سے راہنمائی ممکن ہے۔ عام آدمی کی فکر اور معاشرتی کفالت اور رہنمائی کے لئے خانقاہ کے تاریخ ساز کردار کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ عصرِ حاضر میں انسانی ضروریات اور مسائل سے عہدہ برا ہونے کے لئے صوفیاء کے فلسفہ محبت و ایثار سے اکتسابِ فیض کرنا ضروری ہے۔

افتتاحی تقریب میں منیجر اوقاف سیّد عثمان شاہ، زونل خطیب اوقاف بشیر احمد فارقی اور ضلعی خطیب اوقاف مولانا حافظ سعید، چیئرمین و ممبران امور مذہبیہ کمیٹی دربار شریف اورعلمی، دینی اور روحانی حلقوں کی ممتاز اور معتبر شخصیات سمیت زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی سعادت حاصل کی۔اس موقع پرسیکرٹری اوقاف نے دربار کے توسیعی منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ مزارات کی تزئین و تعمیر از حد ضروری اور خانقاہی نظام کا احیاء وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، بین المسالک کا قیام اوربین المذاہب مکالمے کے حوالے سے مضبوط اور مستحکم ماحول موجود ہے۔ واضح رہے کہ عرس پاک کی تین روزہ تقریبات میں علمی و دینی محافل کے ساتھ، صوفیاء کے افکار و احوال اور بالخصوص حضرت شاہ دولہ دریائی کی تعلیمات کے ابلاغ سمیت محکمہ اوقاف کی طرف سے سیکیورٹی، صفائی اور لنگر کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔