حویلیاں، اسسٹنٹ کمشنر سمیرا مسحود کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 26 جون 2025 19:50

حویلیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) اسسٹنٹ کمشنر حویلیاں سمیرا مسحود کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں امن و امان، سکیورٹی، صفائی و ستھرائی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران، پولیس، واپڈا، صحت، ٹی ایم اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں عشرہ محرم کے دوران مجالس و جلوسوں کے راستوں، لائٹنگ، صفائی، پانی کی فراہمی، لوڈ شیڈنگ سے استثنیٰ اور سیکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمیرا مسحود نے ہدایات جاری کیں کہ تمام محکمے باہمی رابطے اور تعاون سے محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے مقررہ راستوں پر رکاوٹیں دور کی جائیں، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور امن کے قیام کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔اجلاس میں موجود تمام محکموں نے اپنی تیاریوں سے اسسٹنٹ کمشنر کو آگاہ کیا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔