محرم الحرام کا چاند نظر آگیا، یوم عاشور 6جولائی اتوار کو ہوگا، کے پی کے میں (آج)عام تعطیل

آج 27جون کو یکم محرم الحرام ہوگا‘چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی پریس کانفرنس

جمعرات 26 جون 2025 22:00

کوئٹہ /لاہور/پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)محرم الحرام 1447ھ کا چاند نظر آگیا، یکم محرم آج (جمعہ ) 27جون کو ہوگی جب کہ یوم عاشور 6جولائی بروز اتوار ہوگا۔کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر آفس میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سپارکو اور محکمہ موسمیات کے حکام بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں، زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈکوارٹرز میں ہوئے جب کہ اسلام آباد میں زونل کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور کے سیکریٹریٹ میں ہوا۔چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران محرم الحرام کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ محرم کا چاند نظر آگیا ہے، آج بروز جمعہ 27جون کو یکم محرم الحرام ہوگا جب کہ 9محرم الحرام 5جولائی بروز ہفتہ اور یوم عاشور 10محرم 6جولائی بروز اتوار کو ہوگا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل، محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ کوئٹہ میں مطلع گرد آلود ہے، چاند نظر آنے کی امکانات کم ہیں، چاند نظر آنے کا دورانیہ 8بج کر 10منٹ سے لے کر 9بجے تک ہے جب کہ چاند کی عمر 28گھنٹے 38منٹ ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت دیگر عرب اور خلیجی ممالک میں محرم الحرام کا چاند کل نظر آیا تھا اور ان ممالک میں اسلامی سال 1447ہجری کا آغاز 26جون سے ہوگیا تھا۔علاوہ ازیںصوبہ خیبر پختونخوا میں آج بروز جمعہ 26جون 2025 عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔اس حوالے سے صوبائی حکومت نے سرکاری اعلامیہ بھی جاری کر دیا ہے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا میں یکم محرم الحرام کو عام تعطیل ہو گی۔