ریپ کیپٹل کی شہرت رکھنے والے بھارت میں خواتین سے زیادتی روز کا معمول

جمعہ 27 جون 2025 01:40

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) دنیا بھر میں ریپ کیپٹل کے طورپر مشہور بھارت میں خواتین سے زیادتی روز کا معمول بن گیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مودی حکومت نے بھارت کو خواتین کے لیے دنیا کا غیر محفوظ ترین ملک بنا دیا۔وزیراعظم نریندر مودی کے دور میں بھارت میں نہ صرف مقامی بلکہ غیر ملکی خواتین بھی مسلسل جنسی زیادتی کا نشانہ بن رہی ہیں۔

خواتین کی عصمت دری اور ان کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باعث بھارت کودنیا میں ریپ کیپٹل کے طور پر جانا جاتا ہے۔ نریندر مودی کے دونوں ادوارحکومت کے دوران خواتین کی عصمت دری کے تاریخ کے بدترین واقعات کی وجہ سے بھارت کو دنیا کا غیر محفوظ ترین ملک قرار دیا جا چکا ہے۔بھارت میں خواتین کے تحفظ کیلئے نظامِ انصاف مفلوج اور ریاست خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔

(جاری ہے)

ریاست راجستھان میں فرانسیسی سیاح خاتون کی عصمت دری کا واقعہ عالمی سطح پر بھارت کے سیاہ چہرے پر ایک اور بدنما داغ ہے۔راجستھان کے شہر اودے پور میں کمپنی کے ایک ملازم نے فرانسیسی سیاح خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بھارت کی اپوزیشن جماعتوں نے اس واقعے کو عالمی سطح پر بھارت کی گرتی ہوئی ساکھ کے لیے ایک اورخطرہ قرار دیتے ہو ئے مودی سرکار پر کڑی تنقید کی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق رواں سال 19مارچ کوریاست کرناٹک کے شہر ہمپی میں ہندوئوں نے اسرائیلی سیاح خاتون اور اس کی میزبان کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی۔الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں 2018سے 2025 کے دوران ہر سال خواتین سے زیادتی کے30سے 34ہزار کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔ بھارت میں ہر 15منٹ میں ایک خاتون آبرو روزی کی رپورٹ درج کراتی ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق 2022میں خواتین کی عصمت دری کے ایک لاکھ98ہزار285زیر التوا کیسز میں سے صرف 18ہزار517نمٹائے گئے جب کہ 90فیصد سے زائد مقدمات تاحال زیر التوا ہیں اور متاثرہ خواتین انصاف سے مسلسل محروم ہیں جبکہ جنسی درندے کھلے عام گھوم رہے ہیں ۔