Live Updates

بھارت،آر ایس ایس کا آئین سے سوشلسٹ اور سیکولر جیسے الفاظ حذف کرنے کامطالبہ،کانگریس کی کڑی تنقید

جمعہ 27 جون 2025 16:51

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے بھارت کے آئین سے سوشلسٹ اور سیکولر جیسے الفاظ حذف کرنے بیان پر بھارت میں تنازعہ کھڑا ہو گیاہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہندوتوا آر ایس ایس کے جنرل سیکرٹری دتاتریہ ہسبولے نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت کے آئین میں سوشلسٹ اور سیکولر جیسے الفاظ ایمرجنسی کے دوران شامل کیے گئے تھے جب نہ پارلیمنٹ آزاد تھی، نہ عدلیہ فعال تھی اور بنیادی حقوق معطل تھے۔

لہذا انہیں حذف کردینا چاہیے ۔ حزب اختلاف کی جماعتیں دتاتریہ ہسبولے کے بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے بی جے پی اور آر ایس ایس کو آئین مخالف قراردے رہی ہیں۔ کانگریس نے بی جے پی لیڈر کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ محض ایک تجویز نہیں بلکہ آئین حملہ ہے۔

(جاری ہے)

کانگریس نے 'ایکس' پر جاری اپنے بیان میں جب 1950میں آئین نافذ ہوا تھا، آر ایس ایس نے اس کی مخالفت کی تھی، یہاں تک کہ اس کی کاپیاں بھی نذر آتش کی گئی تھیں ۔

بی جے پی اور آر ایس ایس کی آج بھی وہی ذہنیت زندہ ہے۔ بیان میں انتخابات سے قبل بی جے پی لیڈروں کے بیانات کاحوالہ دیاگیاہے کہ آئین بدلنے کیلئے انہیں لوک سبھا کی400سے زائد سیٹیں درکار ہیں۔کانگریس نے کہاکہ ایک بار پھر ہندوتوا جماعتیں اپنے مذموم منصوبے پر عمل پیرا ہو گئی ہیں۔ کانگریس نے مزیدکہاکہ بی جے پی کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایاجائے گااور بھارت کی سیکولر شناخت کو ختم نہیں ہو نے دیا جائے گا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات