نشے سے پاک پشاور مہم کے چوتھے مرحلے میں نشے کی لت میں مبتلا خواجہ سراؤں کے علاج کا فیصلہ

جمعہ 27 جون 2025 17:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) نشے سے پاک پشاور مہم کے چوتھے مرحلے میں نشے کی لت میں مبتلا خواجہ سراؤں کے علاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نشے کی لت میں مبتلا خواجہ سراؤں کا بھی بحالی مراکز میں علاج کرکے ان کو معاشرے کے مفید شہری بنایا جائے گا۔ اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر شعوانہ حلیم نے خواجہ سرا کمیونٹی کے نمائندوں فرازنہ اور آرزو سے ملاقات کی اور ان کو انتظامیہ کے فیصلے سے آگاہ کیا اور ان کو اعتماد میں لیا گیا ۔

(جاری ہے)

خواجہ سرا کمیونٹی کے نمائندوں کو ہدایات جاری کی گئی کہ نشے کی لت میں مبتلا خواجہ سراؤں کی فہرست انتظامیہ کو فراہم کریں اور خواجہ سراؤں کو رضاکارانہ طور پر علاج کے لیے راضی کریں۔ خواجہ سرا کمیونٹی کے نمائندوں نے انتظامیہ کے فیصلے پر مسرت کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کے مطابق خواجہ سراؤں کو علاج کے لیے باقاعدہ راضی کیا جائے گا اور کوشش کی جائے گی کہ ان سے زور زبردستی نہ کی جائے۔ بحالی مراکز کے منتظمین کو خواجہ سراؤں کے لیے الگ کمرے مختص کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :