حضرت عمر فاروقؓ کے یوم شہادت پر ریلی کا انعقاد

جمعہ 27 جون 2025 20:07

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) سنی علماء کونسل کے زیر اہتمام حضرت عمر فاروقؓ کے یوم شہادت کے موقع پر عید گاہ سے عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت جنرل سیکرٹری سنی علماء کونسل رانا ثناء اللہ نے کی، جس میں مولانا عبدالرحمان، مفتی عدیل، مولانا عمر فاروق، مولانا طیب کشمیری، مولانا عبدالرحیم بھکروی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی چوک بلاک نمبر 12 میں پہنچ کر جلسہ میں تبدیل ہو گئی۔ مقررین کا حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حضرت عمر فاروقؓ کی شہادت کے دن کو سرکاری سطح پر منایا جائے اور ملک میں اس روز عام تعطیل کا اعلان کیا جائے، خلیفہ دوم حضرت عمر فاروقؓ کو مراد رسول ﷺ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے دور خلافت میں کئی شعبوں کی بنیاد رکھی، جس سے رہتی دنیا تک انسانیت استفادہ کرتی رہے گی،ان کے دور خلافت میں قانون کی حکمرانی اور عدل و انصاف کا یہ عالم تھا کہ دنیا میں ان کی پہچان حق و باطل میں فرق کرنے والے فاروق کے نام سے ہوئی، آپ کے کمال عدل و انصاف، جرات، بہادری، فتوحات، شاندار بصیرت و کردار اور کارناموں سے تاریخ روشن ہے، حضرت عمرؓ کا زمانہ خلافت اسلامی فتوحات کا دور تھا، جس میں اسلامی سلطنت کی حدود 22 لاکھ مربع فٹ تک پھیلی۔