حضرت سیدنافاروق اعظم ؓ کے یوم شہادت کی مناسبت سے سیکرٹری اوقاف کی زیر صدارت کانفرنس کا انعقاد

حضرت عمر فاروقؓ کا عہد داخلی استحکام اور خارجی شکوہ کا عظیم مظہرتھا،وہ سول ایڈ منسٹریشن کے بانی اور فلاحی مملکت کے امین تھے‘خطاب

جمعہ 27 جون 2025 19:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے داتا دربار میں حضرت سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کو مستحکم رکھنے کے لیے محراب و منبر مستعد ہے، حکومت اور مذہبی لیڈر شپ ملکی استحکام کے لیے یکسو ہیں۔ حضرت عمر فاروقؓ کا عہد داخلی استحکام اور خارجی شکوہ کا عظیم مظہر، وہ سول ایڈ منسٹریشن کے بانی، اور فلاحی مملکت کے امین تھے۔

دنیا کے سامنے ویلفیئر سٹیٹ کا عملی تصور سب سے پہلے آپ نے پیش کیا، آپ علم الانساب، سفارت کاری، سپاہ گری، عسکری امور اور فنِ خطابت میں مہارت رکھتے تھے۔ آپ کے دورِ خلافت میں سلطنت اسلامیہ کی حدود کو پھیلانے اور اسلامی ریاست میں پہلی مرتبہ انتظامی سطح پر ادارہ سازی کا آغاز ہوا۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جامع مسجد داتا دربار کے خطیب مفتی محمد رمضان سیالوی و دیگر مقررین نے کہا کہ موجودہ عہد میں امن وامان قائم کرنے اور مذہبی رواداری کے حوالے سے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے اگر زکو وعشر کا نظام اپنے درست انداز میں نافذ العمل کیا جائے تو معاشرے میں غربت کا مکمل طور پر خاتمہ کیاجاسکتا ہے۔

کانفرنس میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور خالد محمود سندھو، ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف محمد شاکر، ایڈ منسٹریٹر داتا دربار شیخ جمیل احمد، منیجر اوقاف داتا دربارطاہر مقصوداورقاری رفیق نقشبندی، قاری محمد یوسف سمیت علمی، دینی اور تدریسی حلقوں کی ممتاز شخصیات اور زائرین و عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی سعاد ت حاصل کی۔کانفرنس کے آخر میں خطیب داتا دربار نے نئے اسلامی سال کے آغاز کے موقع پرپاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی، ملک پاکستان کی ترقی اورتمام مصائب بالخصوص ڈینگی جیسے موذی امراض سے نجات کے لیے دعائے خیر کی۔