ًنظریاتی سمر سکول کا 14واں روز‘کرغزستان کے اعزازی قونصل جنرل مہر محمد کاشف یونس کی شرکت

ًہمارے بزرگوںنے پاکستان حاصل کرنے کیلئے جان ومال کی لازوال قربانیاں دیں، طلباء سے خطاب

جمعہ 27 جون 2025 21:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2025ء) پاکستان سے محبت کریں اورزندگی میں کامیابی کیلئے جہدِ مسلسل کو اپنا شعار بنائیں ۔ہمارے بزرگوںنے پاکستان حاصل کرنے کیلئے جان ومال کی لازوال قربانیاں دیں۔آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اس کی قدر کریں ۔ ان خیالات کا اظہار نامور صنعتکار اور کرغزستان کے اعزازی قونصل جنرل مہر محمد کاشف یونس نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 25ویں سالانہ سلور جوبلی تعلیمی سیشن کے چودہویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کے دوران کیا ۔

اس سکول کا ماٹو’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔ مہر محمد کاشف یونس نے کہایہاں پاکستان کے مستقبل کی قیادت بیٹھی ہے اور یہ نسل پاکستان کو درپیش چیلنجز اور مسائل سے نکالے گی ۔

(جاری ہے)

اگر آپ سے کبھی کوئی غلطی ہو جائے تو اسے تسلیم کریں اور معافی مانگ لیں۔ ایکدوسرے کی خوشی میں شریک اور غم کو بانٹیں۔ والدین کا ادب و احترام کریں اور وقت کی قدر کریں۔

انہوں نے کہا آپ طاقت ور ہوں یا کمزور کسی صورت دوسروں پر ظلم نہ کریں۔ اپنی زندگی اسلام کے اصولوں کے مطابق گزاریں۔ کامیابی حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کے ساتھ ساتھ اچھے دوست بھی بنانے چاہئیں جو آپ کو نیکی کی طرف راغب کریں۔ انہوں نے بچوں کو لگن اور محنت سے کام کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ ہم قائداعظمؒ کے اصول’’ ایمان‘ اتحاد اورتنظیم‘‘ پر عمل کر کے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔