Live Updates

عالمی یوم انسداد منشیات کے موقع پر کروڑوں روپے مالیت کی منشیات نذر آتش

وز یر ایکسائزخلیق الرحمان،سیکریٹری محکمہ ایکسائز اورڈائریکٹر جنرل ایکسائز منشیات کے ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے کے لئے پر عزم

جمعہ 27 جون 2025 21:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)محکمہ ایکسائز، نارکوٹکس کنٹرول ونگ خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام عالمی یوم انسداد منشیات کے موقع پر منشیات کے خلاف جاری جنگ کے عزم کی تجدید اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر عدالتی احکامات کی روشنی میں مختلف کارروائیوں میں ضبط کی گئی بھاری مقدار میں منشیات کو باقاعدہ طور پر نذر آتش کر کے تلف کیا گیا۔

پشاور میں تھانہ ایکسائز (نارکوٹکس کنٹرول ونگ) کے زیر اہتمام ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مجسٹریٹ ، ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز)، پراوینشل انچارج ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو،سرکل آفیسر پشاور و خیبر،ایس ایچ او تھانہ ایکسائز پشاور ریجن بمعہ افسران و اہلکار، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان، اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران عدالتی حکم پر 1162 کلوگرام چرس، 42 کلوگرام آئس، 119 کلوگرام ہیروئن، 112 کلوگرام افیون، 194 عدد نشہ آور گولیاں نذر آتش کر کے تلف کی گئیں۔اس موقع پر محکمہ کے افسران نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کیلئے اداروں کے ساتھ تعاون ہر فرد کا قومی فریضہ ہے۔ اس لعنت سے نجات کے لیے ہمیں اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔ محکمہ ایکسائز نارکوٹکس ونگ منشیات کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اسی سلسلے میں صوبہ بھر میں آگاہی پروگرامز، سیمینارز اور انسدادی واکس کا انعقاد بھی کیا گیا تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے نقصانات سے آگاہ کیا جا سکے اور انہیں صحت مند زندگی کی جانب راغب کیا جا سکے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات