امتیاز علی نے دلجیت دوسانجھ کو سچا محب وطن قرار دیدیا

ہفتہ 28 جون 2025 12:38

امتیاز علی نے دلجیت دوسانجھ کو سچا محب وطن قرار دیدیا
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)بالی وڈ کے معروف فلمساز امتیاز علی نے اداکار دلجیت دوسانجھ کو سچامحب وطن قراردے دیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق بالی وڈ کے معروف فلمساز امتیاز علی نے پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ اور ان کی فلم 'سردار جی 3'سے متعلق جاری تنازع کے دوران بھارتی میڈیا کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں دلجیت کی حمایت کا اظہار کردیا۔

انہوںنے کہاکہ میں اس تنازع پر زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن چونکہ میں دلجیت کو ذاتی طور پر جانتا ہوں اس لیے میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ وہ پوری طرح حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں۔امتیاز علی نے کہا کہ دلجیت دوسانجھ اس مٹی کا بیٹا ہے اور آپ ان کے تمام کنسرٹس میں دیکھ سکتے ہیں کہ وہ بھارتی پرچم کے ساتھ سٹیج پر نظر آتے ہیں اور ان کی ہر بات میں بھارت اور پنجاب پہلے ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

فلمساز نے کہا کہ دلجیت کا محب وطن ہونا کوئی دکھاوا نہیں بلکہ ان کی شخصیت کا ایک حقیقی حصہ ہے وہ ایسا شخص نہیں ہے جو چیزوں کادکھاوا کرتا ہو کیونکہ وہ دکھاوے کیلئے کچھ نہیں کرتا۔فلم میں ہانیہ عامر کی کاسٹنگ کے پیچھے کے ردعمل اور فیصلہ سازی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امتیاز نے کہا کہ مجھے تفصیلات نہیں معلوم لیکن کسی کو کاسٹ کرنا اداکار کا فیصلہ نہیں ہوتا مجھے نہیں معلوم کہ یہ کیسے ہوا لیکن میں جانتا ہوں کہ دلجیت کواپنے ملک سے بے پناہ محبت ہے۔