پاک بحریہ کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خصوصی شرکت

بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا‘کیڈٹ عبدالرحمٰن کو اعزازی شمشیر سے نوازا

ہفتہ 28 جون 2025 14:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء) پاک بحریہ کے زیراہتمام ایک پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی ہے جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی۔ پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 123ویں مڈ شپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن کورس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات بھی تقسیم کیے، تقریب میں پاک بحریہ کے اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے اورفارغ التحصیل کیڈٹس کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔

پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر کراچی میں پاک بحریہ کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے، تقریب میں اہم شخصیات کے علاوہ غیر ملکی سفارت کار بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں فارغ التحصیل کیڈٹس سے ذمہ داریوں کا حلف لیا گیا، تقریب میں مہمان خصوصی فیلڈ جنرل مارشل عاصم منیر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹ عبدالرحمٰن کو اعزازی شمشیر سے نوازا۔پریڈ کے آغاز پر نیوی کے چاق و چوبند دستے نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پرتپاک سلامی پیش کی۔ فیلڈ مارشل نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا اور حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کامیاب کیڈٹس کو سراہا۔تقریب میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، کیڈٹس کے والدین اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ پریڈ کے دوران کیڈٹس کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور جذبہ حب الوطنی کا مظاہرہ قابل دید تھا۔