راولپنڈی،پی ایچ اے کی جانب سے چاندنی چوک کی خوبصورتی کے لیے شاندار باغبانی و تزئین و آرائش کا کام مکمل

ہفتہ 28 جون 2025 16:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پی ایچ اے کی جانب سے چاندنی چوک کی خوبصورتی کے لیے شاندار باغبانی و تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ چاندنی چوک میں رنگ برنگے پودے، خوبصورت پھول اور دلکش سجاوٹ شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

اس کے علاوہ میٹرو بس پل کے نیچے دیواروں پر خوبصورت ڈیزائن کی کڑھائی اور نقش و نگار بھی قابل دید منظر پیش کر رہے ہیں۔ پی ایچ اے کی جانب سے چاندنی چوک کی خوبصورتی کے اس منصوبے کو شہریوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی نے متعلقہ عملے کو چاندنی چوک فلائی اوور کے نیچے مختلف مقامات کی مزید خوبصورتی اور سرسبز ماحول کے قیام کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

(جاری ہے)

پی ایچ اے راولپنڈی کے شہر کو خوبصورت بنانے کے اس خصوصی منصوبے کا مقصد شہریوں کو صاف، سرسبز اور تفریحی ماحول فراہم کرنا اور ماحول کی صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے جو پی ایچ اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کا کہنا تھا کہ پی ایچ اے پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق راولپنڈی کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد راولپنڈی کو پنجاب کا سب سے خوبصورت شہر بنانا ہے۔ شجر کاری اور سبز پودوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سے شدید موسم کے اثرات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شہر کی خوبصورتی اور سرسبز ماحول کے قیام میں پی ایچ اے کا بھرپور ساتھ دیں۔