حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے وفد کی پاکستان کیمیکل ایکسپو 2025 میں شرکت

ہفتہ 28 جون 2025 17:02

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے قائم مقام صدر احمد ادریس چوہان کی ہدایت پر نائب صدر شان سہگل کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی ”پاکستان کیمیکل ایکسپو 2025“ میں شرکت کی۔ وفد نے ایکسپو میں قائم اسٹالز کا تفصیلی دورہ کیا اور متعدد معروف قومی و بین الاقوامی کیمیکل، پیکیجنگ، ویسٹ مینجمنٹ، انرجی اور الائیڈ انڈسٹری سے وابستہ کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔

اِن تمام شخصیات نے حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا اور مستقبل قریب میں حیدرآباد کے دورے اور چیمبر میں آنے کا عندیہ دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نائب صدر شان سہگل نے کہا کہ پاکستان کیمیکل ایکسپو جیسے بین الاقوامی معیار کے پروگرام نہ صرف صنعتی ترقی کا ذریعہ ہیں بلکہ باہمی روابط، تحقیق، ٹیکنالوجی منتقلی اور تجارتی مواقع کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد صوبہ سندھ کا دوسرا بڑا تجارتی مرکز ہے جہاں کیمیکل، فارما، پلاسٹک، کولڈ ڈرنک، فوڈ پروسیسنگ، کنسٹرکشن اور دیگر صنعتی شعبوں سے وابستہ ہزاروں کاروباری یونٹس سرگرم عمل ہیں۔ اِس لیے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد حیدرآباد میں وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نائب صدر نے اِس بات پر زور دیا کہ حیدرآباد میں کیمیکل اور متعلقہ صنعتوں کے لیے الگ سے B2B نمائش یا روڈ شو کا انعقاد کیا جانا چاہیئے تاکہ مقامی صنعت کاروں کو نئے مواقع فراہم ہوں۔

چیمبر کے وفد نے ایکسپو میں شریک اداروں کو حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی کارکردگی، سہولیات اور مواقع کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں اور اُنہیں حیدرآباد میں سرمایہ کاری اور نیٹ ورک کے قیام کی دعوت دی۔ چیمبر کی قیادت نے پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ( پی سی ایم اے) کو اِس شاندار اور بامقصد ایکسپو کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی ایم اے ہارون علی خان، ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ اور دیگر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں کہ اُنہوں نے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو ایک مؤثر پلیٹ فارم مہیا کیا۔ نائب صدر شان سہگل نے حکومت ِ سندھ اور وفاقی وزارتِ صنعت و پیداوار سے مطالبہ کیا کہ وہ حیدرآباد جیسے اہم صنعتی شہر میں بھی ایسی صنعتی نمائشوں کا انعقاد یقینی بنائیں تاکہ اندرونِ سندھ کے صنعت کار بھی قومی دھارے میں شامل ہو سکیں۔