ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار کا 7 محرم الحرام کے جلوس کے روٹ کا دورہ

ہفتہ 28 جون 2025 17:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے 7 محرم الحرام کے جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایس پی راول، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران ایس ایس پی آپریشنز نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی پولیس کے 7000 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 900 سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار اور 1000 سے زائد رضا کار فرائض انجام دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران 1796 مجالس اور 413 جلوسوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جلوسوں کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی جبکہ بلند عمارات اور چھتوں پر ماہر نشانہ باز بھی تعینات کیے جائیں گے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ محرم کے دوران بین المسالک ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن اور سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات کے مطابق راولپنڈی پولیس محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھے گی۔