ڈ پٹی کمشنر کا رائیونڈ کے علاقے شامکے بھٹیاں اور اطراف کا دورہ،صفائی ستھرائی کے انتظامات کاجائزہ لیا

ہفتہ 28 جون 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ لاہور شہر کو درپیش صفائی اور دیگر انتظامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اس حوالے سے ڈی سی لاہور نے رائیونڈ کے علاقے شامکے بھٹیاں اور اطراف کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کاجائزہ لیا۔ اس دورے میں ان کے ہمراہ چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ ذوہیب ممتاز اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ نے انہیں صفائی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے علاقے میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور ایل ڈبلیو ایم سی کو فوری طور پر صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کی سخت ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلی پنجاب کا"کلین لاہور مشن ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا اور شہر کی تعمیر و ترقی، نیز عوامی مسائل کا فوری حل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

اس ضمن میں، ڈی سی لاہورنے ضلع بھر میں گھر گھر سے ویسٹ اٹھانے اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ علاوہ ازیں شہر سے تمام تجاوزات، وال چاکنگ، پوسٹرز اور بینرز کو ہٹانے اور بصری آلودگی کے خاتمے کا بھی حکم دیا گیا۔ سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کمشنر نے ویسٹ کو آگ لگانے سے سختی سے منع کیا اور خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ آخر میں، انہوں نے رہائشی علاقوں سے خانہ بدوش جھگیاں اور مویشی فوری طور پر ہٹانے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو ایک صاف، صحت مند اور پرسکون ماحول فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :