سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کا 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ اور جامعہ دارالعلوم تعلیم القرآن کا دورہ

ہفتہ 28 جون 2025 18:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ اور جامعہ دارالعلوم تعلیم القرآن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی راول، ڈی ایس پی سٹی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سی پی او نے جلوس کے روٹ پر سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور فول پروف سکیورٹی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

جامعہ دارالعلوم تعلیم القرآن کے دورہ کے دوران سی پی او نے معروف عالم دین مولانا اشرف علی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں محرم الحرام کے دوران امن و امان اور بین المذاہب ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سی پی او نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ کا محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لیے تعاون قابل تحسین ہے۔ راولپنڈی پولیس محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام اور بہترین سکیورٹی انتظامات کے لیے مکمل طور پر پر عزم ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ محرم الحرام کے جلوس اور مجالس پر امن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔