م*ایپسما نے فیڈرل بورڈ کے تحت بورڈ آف گورنرز کے انتخابات پر تحفظات کا اظہارکردیا

ہفتہ 28 جون 2025 18:35

/ راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2025ء) آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینیجمنٹ ایسوسی ایشن (ایپسما) نے فیڈرل بورڈ کے تحت بورڈ آف گورنرز کے انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ شفاف انکوائری تک انتخابی نتائج کو روکا جائے انتخابات دوبارہ کروائے جائیں اور آئی ٹی ایکسپرٹ کے ذریعے ای ووٹنگ سسٹم کا از سرنو جائزہ لیا جائے ان خیالات کا اظہار ایپسما کے صدر ابرار خان نے گزشتہ روز دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا انہوں نے کہا کہ 26 جون کو فیڈرل بورڈ کے تحت 3 سالہ مدت کے لئے ای ووٹنگ کے ذریعے بورڈ آف گورنرز کے انتخابات منعقد ہوئے 23 جون کو مردانہ نشست کیلئے ہمارے حمایت یافتہ امیدوار حافظ محمد بشارت 14 ووٹوں سے کامیاب ہوئے 26 جون کو ہماری خاتون امیدوار سکینہ فواد 206 ووٹوں سے ہار گئیں انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج ایپسما اور ہمارے اتحادی تنظیموں کیلئے حیران کن ہیں ووٹنگ کے دوران انٹرنیٹ سرور سست روی کا شکار تھا ووٹنگ کے عمل کی شفافیت کیلئے امیدواروں کو پراسیس سے دور رکھا گیا امیدواروں کو نتائج تھمائے گئے اور دستخط کروائے گئے ووٹرز کی منشا کے برعکس ووٹ پہلے ہی کاسٹ ہوچکے تھے نجی تعلیمی اداروں کے سکول پاس ورڈ تبدیل کردئیے گئے امیدواروں اور سکول مالکان کے اعتراضات نظر انداز کئے گئے فیڈرل بورڈ نے انتخابات میں سسٹم کے قابل اعتماد نہ ہونے کو تسلیم کیا ہماری امیدوار سکینہ فواد نے ریٹرننگ افسر کے سامنے نتائج کو مسترد کیا چیئرمین فیڈرل تعلیمی بورڈ سے ہمارا مطالبہ ہے یہ انتخابات دوبارہ کروائے جائیں آئی ٹی سپیشلسٹ کے ذریعے ای ووٹنگ سسٹم کا از سر نو جائزہ لیا جائے،اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم ہر قانونی راستہ استعمال کرینگے متعدد اسکول مالکان اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے رہ گئے ہیں چیئرمین تعلیمی بورڈ معاملے کی شفاف انکوائری تک انتخابی نتائج کو روکیں تمام امیدواروں کے پورٹل کا ایک ہی یوزر نیم اور پاس ورڈ کیسے ہوسکتا ہے گزشتہ دور حکومت میں فیڈرل بورڈ کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا تھا پاکستان بھر سے نجی تعلیمی ادارے فیڈرل بورڈ سے منسلک ہیں۔