ڈیرہ غازی خان میں ریسکیو 1122 کی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے غازی گھاٹ پر فرضی مشق کا انعقاد

ہفتہ 28 جون 2025 21:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان کی جانب سے ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر دریائے سندھ پر غازی گھاٹ پل کے مقام پر بھرپور فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا۔ مشق کا مقصد ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینا اور متعلقہ محکموں کے درمیان عملی ہم آہنگی کو یقینی بنانا تھا۔

مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید عثمان بخاری تھے جنہوں نے مشق کے مختلف مراحل کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پولیس، لائیو اسٹاک، محکمہ صحت، سوشل ویلفیئر اور محکمہ خوراک کے افسران و اہلکاروں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احمد کمال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان جغرافیائی لحاظ سے مشرق میں دریائے سندھ اور مغرب میں کوہِ سلیمان کی ندی نالوں کے باعث سیلابی خطرات کا شکار رہتا ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122 نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل تیاریاں کر لی ہیں۔ اس وقت محکمے کے پاس 45 کشتیاں بمعہ انجن موجود ہیں جبکہ پرائیویٹ کشتی مالکان کا ڈیٹا اور رابطہ نمبرز بھی محفوظ کئے جا چکے ہیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد کی تربیت فراہم کر دی گئی ہے۔فرضی مشق کے دوران ریسکیورز نے کشتی رانی، سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے افراد کو نکالنے، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور ریسکیو آپریشن کی مکمل کارروائیوں کا عملی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید عثمان بخاری نے ریسکیو اہلکاروں کی تیاریوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور ریسکیو آلات کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :