کمشنر کا آر پی او کے ہمراہ محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ کے لیے ضلع بھکر کا دورہ

اتوار 29 جون 2025 13:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ریجنل پولیس آفیسر آصف شہزاد نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ضلع بھکر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہزاد رفیق اعوان بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران وفد نے محرم روٹس اور دربار قصر زینب کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر مہتمم دربار قصر زینب سید سکندر رضا نقوی نے انتظامی و مذہبی امور سے متعلق آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر اور آر پی او نے محرم الحرام کے سلسلہ میں مجالس و جلوسوں کے مقامات پر کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ فول پروف سکیورٹی، صفائی، روشنی، طبی امداد اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق جلوسوں اور مجالس میں شریک عزاداروں کو مکمل سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی خصوصی ترجیح ہے۔کمشنر سرگودھا نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔