ضلعی افسران کا دریا ئے سندھ کے مختلف مقامات کا تفصیلی جائزہ، پانی کے بہا ؤ کا معائنہ

اتوار 29 جون 2025 16:50

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) صوبائی حکومت خیبرپختونخواہ کی ہدایات اور ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر احتیاطی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔اس سلسلے میں انتظامات اور صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر ڈیرہ ڈویژن ظفر السلام خٹک اور ریجنل پولیس آفیسر سید اشفاق انور نے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عبدالناصر خان اور ضلعی پولیس سربراہ سجاد احمد صاحبزادہ کے دریا ئے سندھ کے مختلف مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور پانی کے بہاﺅ کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر افسران نے ڈیرہ دریا خان پل کا بھی دورہ کیا اور پانی کے بڑھتے لیول کو دیکھتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ لوگوں کو دریائے سندھ میں نہانے اور پکنک پوائنٹس کو فوری بند کر دیا جائے، اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے پہلے ہی دفعہ 144 کا نفاذ کیا جا چکا ہے جس پر عملدرآمد کے سلسلے میں ضلع بھر میں کاروائیاں جاری ہیں اور 8 افراد کو خلاف ورزی کرنے پر پابند سلاسل کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے ہمراہ ضلعی پولیس سربراہ دریا خان پل کے قریب لوگوں کو نہاتے دیکھ فورا متعلقہ مقام پر پہنچے اور وہاں موجود نوجوانوں کو وارننگ دے کر وہاں سے جانے کو کہا کہ اپنی اور اپنے اہل و عیال کی حفاظت آپکے اپنے ہاتھ میں ہے پانی کے بہاﺅ والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کریں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عبدالناصر خان کا کہنا تھا کہ دریا کے کنارے نہ نہائیں، دریا کے اندر جانے یا کشتیوں کے ذریعے سفر کرنے سے مکمل پرہیز کریں۔

خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔کمشنر ڈیرہ ڈویژن نے متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو ہدایت دی کہ ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے لگائی گئی پابندی پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ یا ریسکیو1122 یا سول ڈیفنس کو فورا اطلاع دیں اور حفاظتی اقدامات میں تعاون کریں۔\378

متعلقہ عنوان :