معروف اداکار یوسف کمال ’’شکیل‘‘ کی دوسری برسی اتوار کو منائی گئی

اتوار 29 جون 2025 18:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) معروف اداکار یوسف کمال ’’شکیل‘‘ کی دوسری برسی اتوار29 جون کو منائی گئی اور ان کی لازوال میراث اور انڈسٹری میں شاندار خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ یوسف کمال جو شکیل کے نام سے مشہور ہیں 29 مئی 1945 کو بھوپال میں پیدا ہوئے اور 1952 میں اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان ہجرت کرنے کے بعدکامیاب اداکاری کا آغاز کیا۔

وہ 70 کی دہائی میں پی ٹی وی کے پہلے چاکلیٹی ہیرو تھے۔ انہوں نے لالی وڈ میں بطور ہیرو اور ولن بھی کام کیا۔

(جاری ہے)

انور مقصود کا تحریر کردہ آنگن تیرا ، ان کا بہترین ڈرامہ تھا۔ شکیل کا شوبز کیریئر 1966 میں وحید مراد کے ساتھ شروع ہوا اور انہوں نے پی ٹی وی کے مشہور سیریلز میں اداکاری کی۔ انہوں نے برطانوی سوانحی فلم جناح میں لیاقت علی خان کا کردار کیا جس میں کرسٹوفر لی نے بھی اداکاری کی۔ شکیل بی بی سی چینل 4 سیریز ٹریفک میں بھی نظر آئے۔ اداکاری کے علاوہ وہ اپنے انسان دوست کام کے لیے پہچانے جاتے تھے۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں 2015 میں انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ یوسف کمال ’’شکیل‘‘ 29 جون 2023 کو کراچی میں انتقال کرگئے۔