۵پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان کی زیر صدارت پارٹی ضلع چمن کے ضلع کمیٹی کا اجلاس

اتوار 29 جون 2025 19:45

wچمن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان کی زیر صدارت پارٹی ضلع چمن کے ضلع کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کی تنظیمی سیاسی کارکردگی کا جائز ہ لیا گیا۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری صلاح الدین خان اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع سینئر معاون سیکرٹری حاجی جمال خان، تحصیل سیکرٹری اولس یار خان، تحصیل سیکرٹری ظہور خان، تحصیل سینئر معاون سیکرٹری احمد زائی صاحب اور پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ضلع سینئر معاون سیکرٹری ممتاز خان نے رپورٹس پیش کیں۔

جس کا جائزہ لیا گیا اوربعد ازاں اس کی منظوری دی گئی۔اجلاس سے پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زر وریاستی زور کی بنیاد پر مسلط حکومت کا خاتمہ ناگزیر ہے، موجودہ حکومت /حکومتوں کوجمہوری انداز میں ختم کرکے ملک میں از سر نو صاف شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے کیونکہ یہ حکومتیں عوام کی منتخب کردہ نہیں بلکہ عوام پر مسلط کر دہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فارم47کی مسلط کردہ حکومت/حکومتوں کے ناروا عوام دشمن فیصلوں کے باعث آج چمن کے ہزاروں خاندان نان شبینہ کا محتاج بن چکے ہیں، ڈیورنڈ خط پر صدیوں سے جاری آمدورفت اور تجارتی راستوں کی بندش کے فیصلے نے لوگوں سے حلال رزق کمانے کا ذریعہ چھین لیا۔ نتیجتاً آج بدامنی، چوری، ڈکیتی، منشیات فروشی سرعام ہونے اور اس سے صرف شہری دوچار ہیں۔

انتظامیہ جرائم پر قابو کرنے میں ناکام ہے اور اس کی بنیادی وجہ حکومت/حکومتوں کی غیر دانشمندنہ اور جلد بازی میں کیئے گئے پشتون دشمنی پر مبنی فیصلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ہر فیصلہ غیر آئینی، غیر جمہوری اور غیر قانونی ہے اور ملک کے 25کرورڑ عوام اس وقت مسلط حکومتوں سے نجات چاہتے ہیں۔ان کی ناکام پالیسیوں واقدامات کے باعث آج ملک کا آئین پائمال ہوچکا ہے۔

آئین کی تحفظ کے لیے ملک کے حقیقی سیاسی جمہوری پارٹیوں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان بناکرپشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں تحریک کا سربراہ نامزد کیا ہے۔ ایسے میں یہ تحریک ملک میں آئین کی تحفظ، پارلیمنٹ کی خودمختاری، جمہورکی حکمرانی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام اور ملک کی سیاست میں اداروں کی ہر قسم کی مداخلت کی روک تھام کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔

اس جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ملک کے سیاسی جمہوری کارکنوں اور بالخصوص پشتونخواملی عوامی پارٹی کے کارکنوں کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید مصور خان کاکڑ کے اغواء اور قتل پر انتہائی دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو اس کا ذمہ دار قرار دیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ شہید مصور کاکڑ کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔

ملزمان کی گرفتاری اورسزاء سے ہی خاندان کی تسلی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس ملازمین کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ انتہائی شرمناک اور قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ۔ حکومت نے جس انداز میں تشدد کی اسکی مثال آمردانہ دور اقتدار میں بھی نہیں ملتی ۔ اساتذہ ، پروفیسرز ، ملازمین کے ساتھ جاری ناروا سلوک ، گرفتاریاں اس کی پارٹی مذمت کرتی ہے اور بالخصوص گرلز سکولوں میں انتظامیہ کا داخل ہونا خواتین اساتذہ ، طالبات کی تضحیک کرنا یہ صوبے کے اعلیٰ روایات کے برخلاف اقدام تھا جو ناقابل معافی جرم ہے ۔

گرینڈ الائنس کے مطالبات کوتسلیم کرتے ہوئے تمام گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ضلع چمن کے کارکنوں کو اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے تنظیم کو مزید فعال ومنظم بنانا ہوگا۔ پارٹی کے کارکنوں کی محنت سے جاری جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے عوام کو پشتونخوامیپ کی صفوں میں شامل کرنے اور اپنے تنظیمی ڈھانچوں ،اداروں کو مضبوط بناکر ہر ماہ اپنے اجلاسوں کے انعقاد کو یقینی بنائے اور علاقائی یونٹ ، تحصیلو ں اور ضلع کی سطح پر اپنے فرائض کو ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیں۔