Live Updates

ضلعی انتظامیہ مری نے مون سون سیزن کی آمد کے پیش نظر شہریوں کیلئے احتیاطی تدابیر پر مبنی الرٹ جاری کر دیا

اتوار 29 جون 2025 19:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) ضلعی انتظامیہ مری نے مون سون سیزن کی آمد کے پیش نظر شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر پر مبنی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ معمولی سی غفلت جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے اس لیے شہری احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق بارشوں کے دوران پھسلن اور گاڑیوں کے بریک فیل ہونے جیسے واقعات سے بچنے کے لیے ڈرائیونگ انتہائی احتیاط سے کریں۔

اگر آسمانی بجلی یا طوفان کے آثار نظر آئیں تو گاڑی میں پناہ لینے کے بجائے محفوظ مقام تلاش کریں۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ برساتی ندی نالوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے سے اجتناب کریں کیونکہ اس سے طغیانی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ندی نالوں اور نشیبی علاقوں میں رہائش یا نئی تعمیرات سے گریز کیا جائے جب کہ پرانے اور بوسیدہ مکانوں میں رہائش اختیار نہ کریں کیونکہ وہ شدید بارشوں میں خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

نمی کی وجہ سے دھاتی اشیاء اور بجلی کے آلات میں کرنٹ آ سکتا ہے لہٰذا شہری بجلی کے کھمبوں، پائپوں اور کسی بھی دھاتی چیز سے دور رہیں اور دھاتی اشیاء کو ہاتھ میں اٹھانے سے گریز کریں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف چند احتیاطی تدابیر اپنا کر قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :