کراچی سمیت ملک بھر کیلیے بجلی سستی ہونے کا امکان

گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 16 پیسے کمی کا امکان،پاور ڈویژن نے ملک بھر میں یکساں ٹیرف کے لیے درخواست دائر کر دی

اتوار 29 جون 2025 20:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں ستائے عوام کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی سستی ہونے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن نے ملک بھر میں یکساں ٹیرف کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 16 پیسے کمی کا امکان ہے۔ نیپرا پاور ڈویژن کی اس درخواست پر یکم جولائی کو سماعت کرے گا۔

پاور ڈویژن کی جانب سے آئندہ مالی سال کیلیے بنیادی ٹیرف میں کمی کی جو تجاویز تیار کی گئی ہیں۔ ان میں گھریلو صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیرف 48.84 سے کم ہو کر 47.69 روپے ہو جائے گا۔ان تجاویز میں 50 یونٹ تک کے گھریلو لائف لائن صارفین کیلیے 3.95 روپے فی یونٹ ٹیرف برقرار رکھنے اور 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلیے ٹیرف 7.74 روپے فی یونٹ برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 1.15 روپے کمی سے 10.54 روپے فی یونٹ کرنے، 101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 13 روپے ایک پیسے جب کہ 100 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 22 روپے 44 پیسے کرنے کی تجویز ہے۔101 سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف ایک روپے 16 پیسے کمی سے 28.91 روپے فی یونٹ کرنے، 201 سے 300 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 33.10 روپے فی یونٹ، 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 37.99 روپے فی یونٹ کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 1.14 روپے کمی سے 40.22 روپے فی یونٹ، 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 41.62 روپے فی یونٹ، 601 سے 700 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپیکمی سے 42.76 اور 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 1.05 روپے کمی سے 47.69 کرنے کی تجویز ہے۔واضح رہے کہ نیپرا نے آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ڈیڑھ روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دی تھی اور اس نے یکساں ٹیرف کے تعین کے لیے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوایا تھا۔