ڑ*وزیراعلیٰ کی ہدایت پر وزراء کا عاشورہ جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

ّفیصل ایوب کھوکھر، بلال یاسین اور ثانیہ عاشق نے جلوس روٹس اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا ھ*سکیورٹی امور پر پولیس کی بریفنگ، منتظمین کا اطمینان، عوام سے پولیس سے تعاون کی اپیل

اتوار 29 جون 2025 20:45

[لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رات گئے صوبائی وزراء نے محرم الحرام کے جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور سی سی پی او لاہور کے ہمراہ نثار حویلی، کربلا گامے شاہ اور پانڈو سٹریٹ امام بارگاہ پہنچے، جہاں انہوں نے یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس کے انتظامات اور سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ہدایت کی کہ جلوس کے روٹس پر سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے اور بارشوں کے پیش نظر سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے منتظمین کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی انتظامات پر وزراء کو بریفنگ دی، جس پر منتظمین نے اطمینان کا اظہار کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجالس اور جلوس کے تمام روٹس اور حساس مقامات پر پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ سکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح عوام کے جان و مال کا تحفظ اور مذہبی آزادی کا احترام ہے۔