پیپلزپارٹی نے دو روزہ بارشوں کے اسپیل کے بعد بھی بجلی کی مسلسل عدم فراہمی پر سوالات اٹھاتے ہوئے اسے وفاقی حکومت کی سندھ دشمنی قرار دیا

بارشوں کو مکمل ہوئے تین روز گزر گئے مگر شہر کے اکثر علاقے بجلی سے محروم ہیں، حالیہ بارشوں میں حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور اس کے ذیلی ادارے واسا کی کارکردگی قابلِ ستائش رہی،احسان ابڑو

اتوار 29 جون 2025 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کے ترجمان احسان ابڑو نے حیدرآباد میں دو روزہ بارشوں کے اسپیل کے گزرنے کے بعد بھی شہر و گرد و نواح میں بجلی کی مسلسل عدم فراہمی اور حیسکو کی ناقص کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے اسے وفاقی حکومت کی سندھ دشمنی قرار دیا ہے، انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بارشوں کو مکمل ہوئے تین روز گزر گئے مگر آج بھی شہر کے اکثر علاقے بجلی سے محروم ہیں، حالیہ بارشوں میں حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور اس کے ذیلی ادارے واسا کی کارکردگی قابلِ ستائش رہی، میئر حیدرآباد، ضلعی انتظامیہ اور ایچ ایم سی کی پوری ٹیم شہر سے نکاسی آب اور عوام کو تکالیف سے بچانے کے معاملات میں انتھک کوششوں میں میں مصروف نظر آئی لیکن ان کی ساری کاوشوں کو حیسکو اپنی بدترین کارکردگی اور نااہلیت سے ناکام بنانے کی کوششیں کرتا رہا، واسا کے پمپنگ اسٹیشنز جہاں شہر کی صورت حال کو بہتر کرنے میں جتے رہے وہیں حیسکو نے شہریوں کو بجلی سے محروم رکھ کر قدرتی رحمت کو زحمت میں تبدیل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، وفاقی حکومت حیسکو کے معاملات مسلسل عدم دلچسپی سے کام لے کر مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہو رہی ہے، احسان ابڑو نے کہا کہ حیسکو چیف کی مستقل اور ٹیکنیکل بنیادوں پر تعیناتی بھی کئی ماہ سے کھٹائی میں پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے بھی حیسکو کی کارکردگی پر بہت برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

مون سون کی بارشوں کا عوام بڑی شدت سے انتظار کرتے ہیں مگر دو بوندیں پڑتے ہی جب وہ کئی کئی گھنٹے حبس اور شدید گھٹن میں بجلی سے محروم ہو جاتے ہیں تو ابرِ رحمت انہیں ابرِ زحمت لگنا شروع ہو جاتی ہے۔ حیسکو انتظامیہ اس وقت حیدرآباد سمیت آدھے سندھ کے عوام سے وفاقی حکومت کی کسی دشمنی کا بدلہ چکانے میں لگی ہوئی ہے اوپر سے سونے پہ سہاگہ وفاقی حکومت کی حیسکو کے انتظامی معاملات میں مداخلت کر کے اسے بہتر کرنے کے بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کرنا ان خدشات کو مزید تقویت پہنچاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حیسکو چیف نااہل کرپٹ اہلکاروں اور حیدرآباد میں درباری سیاسی چاپلوسوں کے گھیرے میں ہیں جو انہیں عوام کو سہولتیں فراہم کرنے اور بجلی کی ترسیل اور مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات اٹھانے سے روکے ہوئے ہیں، انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ حیسکو کے معاملات میں فوری مداخلت کرے اور حیدرآباد کی عوام کو سرکاری عذاب سے نجات دلائیں۔

متعلقہ عنوان :