کم عمر بچوں اور بچیوں سے جبری مشقت اور کم اجرت پر کام لینا ناقابل برداشت ہے، ڈپٹی کمشنر ساہیوال

اتوار 29 جون 2025 23:20

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود نے تھانہ ڈیرہ رحیم کے علاقہ مالن شاہ چوک میں واقع ایچ ایف سی پیزا شاپ پر کم سن مزدور بچے سے ناروا سلوک کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کم سن بچہ شدید گرمی اور تپتی دھوپ میں مرغا بنا ہوا دکھائی دیا۔

(جاری ہے)

واقعہ منظرعام پر آتے ہی ڈپٹی کمشنر نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ساہیوال کو فوری ایکشن لینے کا حکم دیا۔بیورو کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ بچے کو تحویل میں لے لیا جبکہ پیزا شاپ کے مالک محمد عمر ولد فقیر محمد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ کم عمر بچوں اور بچیوں سے جبری مشقت اور کم اجرت پر کام لینا ناقابل برداشت ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور معاشرے میں ایسے مظالم کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔