ہیڈ پنجند بند شکستہ، سیلاب سر پر، بند ٹوٹا تو تباہی یقینی!ذمہ دار کون

پیر 30 جون 2025 10:55

اوچ شریف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)ہیڈ پنجند بند شکستہ، سیلاب سر پر، بند ٹوٹا تو تباہی یقینی!ذمہ دار کون تفصیلات کے مطابق ہیڈ پنجند سے خیرپور ڈاہا تک دریائی حفاظتی بند شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا ہے، جس سے مقامی آبادی کو ممکنہ سیلابی تباہی کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد بند کی سطح پر گہرے کھڈے پڑ چکے ہیں، جبکہ کئی مقامات سے مٹی اور پتھر بہہ جانے کے باعث اس بند کی مضبوطی کو شدید خطرات درپیش ہیں۔

عینی شاہدین اور مقامی افراد کے مطابق بند کی حالت اتنی خستہ ہو چکی ہے کہ اگر بروقت مرمت نہ کی گئی تو آئندہ مون سون میں بند کے ٹوٹنے کا قوی امکان ہے، جو وسیع پیمانے پر انسانی اور زرعی تباہی کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔ کسانوں اور دیہاتیوں نے محکمہ ایریگیشن کی مجرمانہ غفلت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ تاحال خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے اور زمینی صورتحال کا کوئی سنجیدہ نوٹس نہیں لیا گیا۔

(جاری ہے)

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور چیف انجینئر ایریگیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر حفاظتی بند کی مرمت اور بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔عوامی حلقوں نے متعلقہ اداروں کی ناقص کارکردگی، وسائل کے ضیاع اور عدم توجہی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی سانحے سے پہلے اقدامات نہ کیے گئے تو ذمہ داری مکمل طور پر حکومت اور محکمہ ایریگیشن پر عائد ہو گی۔

متعلقہ عنوان :