سیالکوٹ پولیس بھاری مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا

پیر 30 جون 2025 11:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) سیالکوٹ پولیس نے گھر میں چوری کی بڑی واردات کا معمہ قلیل مدت میں حل کر کے 31 تولے سونااور 10 ممالک کی مختلف فارن کرنسیوں سمیت 2 کروڑ روپے مالیتی مال مسروقہ برآمد کر لیا ۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے مبارک پورہ میں 25 جون کو شہری شیخ عبدالجلیل کے گھر میں ہونے والی کروڑوں روپے مالیت کی بڑی چوری کی واردات کا مقدمہ سیالکوٹ پولیس نے مختصر وقت میں حل کر لیا،واردات میں نامعلوم چوروں نے نہ صرف 2 کروڑ روپے مالیتی سامان جس میں 50 لاکھ پاکستانی روپے، غیر ملکی کرنسی (5,900 امریکی ڈالر، 3,910 یورو، 1,360 برطانوی پاؤنڈ، 16,000 جاپانی ین، 20,000 جنوبی کورین وون، 530 سعودی ریال، 1,100 بھارتی روپے، 50 سنگاپور ڈالر، اور 240 مصری پاؤنڈ) کے علاوہ 31 تولے سونے کے زیورات بھی چوری کئےتھے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی سرکل کو واردات کے جلد از جلد سراغ اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے احکامات جاری کئے۔ ڈی پی او کے مسلسل فالو اپ اور نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ حاجی پورہ اور ان کی ٹیم نے دن رات کی محنت، جدید تفتیشی طریقوں اور تکنیکی وسائل کے استعمال سے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں اس بڑی واردات کو ٹریس کرتے ہوئے واردات میں ملوث 3 ملزمان 2 خواتین اور ایک مرد،حضرہ، علیزہ اور احمد صابر کو گرفتار کرلیا ہے۔

ملزمان سگے بہن بھائی اور مدعی مقدمہ کے قریبی عزیز ہیں۔پولیس نے دوران تفتیش ملزمان کے قبضہ سے دس مختلف ممالک کی بیش قیمت فارن کرنسی، پاکستانی کرنسی اور 31 تولہ سونے کے زیورات سمیت تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کرکے ہوئے اصل مالک کے حوالے کر دیا، جبکہ گرفتار ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے واردات کے کامیاب سراغ پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ پولیس مجرم عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔