سیالکوٹ،موسم گرما کے دوران دیسی مشروبات کا زیادہ استعمال یقینی بنایا جائے، ڈاکٹر لبنی اسلم

پیر 30 جون 2025 11:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کے ممتاز فوڈ نیوٹریشنسٹ ڈاکٹر لبنی اسلم نے کہا ہے کہ موسم گرما کے دوران شدید تپش، لو اور مضر اثرات سمیت پسینے کی کثرت، ہیضہ، اسہال، بخار، جسمانی تھکاوٹ، اعصابی کمزوری سے بچنے کے لئے دیسی مشروبات، نمکین لسی،ستو، سردائی، شربت بزوری، صندل اور شکنجبین کا زیادہ استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ جسم سے ضائع ہونے والے نمکیات کے توازن کو بر قرار رکھ کر مختلف موسمی بیماریوں سے بچا جا سکے نیز گوشت اور تیز مصالحے والی مرغن غذاؤں کو اپنی خوراک کا حصہ نہ بنایا جائے اور سادہ غذا استعمال کی جائے۔

اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتا یا کہ شدید گرم موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کئی پریشانیوں سے بچا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں کولیسٹرول کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور ان مریضوں کی زیادہ تر تعداد ان لوگوں پر مشتمل ہے جوگوشت کا بے جا استعمال کرتے ہیں لہٰذاکولیسٹرول کے مریضوں سمیت عوام الناس کو چاہیے کہ وہ گوشت کی بجائے دالوں کا استعمال زیادہ کریں کیونکہ دالوں میں گوشت کے برابر پروٹین اور لحمیات ہوتی ہیں جبکہ دالوں میں کولیسٹرول صرف 2فیصد اور گوشت میں 25سے 28 فیصد تک ہوتا ہے لہٰذا کولیسٹرول سے بچنے کے لئے ہفتہ میں صرف ایک روز گوشت کا استعمال کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ موسم گرما میں سلاد، تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال اشد ضروری ہے تاہم گلے سڑے پھلوں، باسی سبزیوں اور زیادہ وقت کیلئے کاٹ کر رکھے گئے سلاد کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پانی ابال کر گھروں میں استعمال کرنے کے علاوہ ریفریجریٹرز میں برف جمانے کیلئے بھی ابلا ہوا پانی استعمال کیا جائے تاکہ جسم کا نظام غیر متوازن ہونے کا خدشہ نہ رہے۔