محرم الحرام کے پر امن انعقاد کےلئے شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے،سی سی پی اولاہور

پیر 30 جون 2025 14:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں 04محرم الحرام کی مناسبت سے 400 مجالس منعقد ہوئیں جبکہ17 عزاداری جلوس برآمد ہوئے۔یہ بات سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے سوموار کو یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی پر3ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔

04 محرم الحرام پر شہر میں منعقد ہونے والی مجالس عزا میں اے کیٹیگری کی45،بی کیٹیگری کی 272 اور سی کیٹیگری کی83مجالس شامل ہیں۔سی سی پی او نے کہا کہ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کےلئے شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، قیام ِ امن کےلئے بہترین سکیورٹی انتظامات ترتیب دیئے گئے ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لائوڈ سپیکر ایکٹ، مجالس و جلوسوں کے اوقات ِ کار اور روٹس کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جا ئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین عزاداروں کی سکیورٹی کےلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینات ہیں ا ور کنٹرول رومز سے مجالس و جلوسوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔سی سی پی او لاہور نے حالیہ بارشوں کے پیش ِ نظرمجالس و جلوسوں کے راستوں کو انتظامیہ کی مدد سے بحال رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ اور پی آر یوسمیت لاہور پولیس کے تمام ونگز آپس میں بہترین کوآرڈینیشن رکھیں۔