گیارہ سال میں بھارت کی دفاعی اور خارجی پالیسیاں ناکام نہیں بلکہ پوری طرح زمین بوس ہو چکی ہیں، پریوین ساہنی

پیر 30 جون 2025 17:55

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)بھارت کے ایک سینئر دفاعی تجزیہ کار پریوین ساہنی نے کہا ہے کہ گزشتہ 11برسوں میں بھارت کی دفاعی اور خارجی پالیسیاں ناکام نہیں بلکہ پوری طرح زمین بوس ہو چکی ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پریون ساہنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ اس زوال میں بڑا حصہ زعفرانی سوچ سے متاثر، جاہل، بے وقوف اور خود پسندی کا شکار مین اسٹریم میڈیا کا ہے جس میں ریپبلک اور این ڈی ٹی وی جیسے چینلز پیش پیش ہیں۔

(جاری ہے)

پریوین ساہنی نے کہا کہ یہی لوگ اصل غدارِ وطن ہیں جو ملک کی بہتری کے بجائے اس کے خلاف کام کرتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ میں پاکستان، چین یا کسی اور ملک کا ایجنٹ نہیں ہوں، میں ایک ایسا شخص ہوں جو اپنے وطن کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتا ہے۔بعد ازاں ایک اور پوسٹ میں پریوین ساہنی نے کہا کہ انڈونیشیا میں بھارت کے نیول اتاشی کیپٹن شیو کمار نے آپریشن سندور میں بھارتی فضائیہ کے کردار پر ایک دلچسپ بیان دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسے درست اور وسیع تر تناظر میں پیش کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں اس پر آج ایک ویڈیو جاری کروں گا۔