z وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائیاں، 5 ملزمان گرفتار

فیصل آباد، ملتان، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں غیرقانونی شکار اور پرندوں کے قبضے پر گرفتاریاں اور چالان &غیرقانونی شکار پر 10 ہزار روپے جرمانہ، 14 جنگلی کبوتر قدرتی ماحول میں آزاد کر دیے گئے،ترجمان

پیر 30 جون 2025 18:35

-لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2025ء) سینئر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی خصوصی ہدایات پر چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی کی سربراہی میں صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیر قانونی شکار اور قبضے کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ترجمان وائلڈ لائف کے مطابق حالیہ کامیاب کارروائیوں کے دوران فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ملتان میں وائلڈ لائف رینجرز نے جنگلی کبوتروں کو غیر قانونی قبضے میں رکھنے اور بٹیر کے شکار میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کر لیا۔

ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر فیصل آباد ریجن ڈاکٹر غلام رسول کی قیادت میں فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 4 افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں مقامی عدالتوں میں چالان کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ملتان میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر منور حسین نجمی کی سربراہی میں کارروائی کے دوران ایک ملزم کو جنگلی کبوتروں کو غیر قانونی طور پر رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا، جس سے 14 زندہ جنگلی کبوتر برآمد کیے گئے۔ ملزم کو موقع پر 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ تمام برآمد شدہ پرندے فطری ماحول میں آزاد کر دیے گئے۔چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کا غیر قانونی شکار اور قبضہ ناقابلِ قبول ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا۔