ٹنڈو محمد خان میں کسانوں کو جدید زرعی طریقوں سے آگاہی فراہم کرنے اور زمین کی بہتر پیداوار کے لیے سیمینار کا انعقاد

پیر 30 جون 2025 19:05

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء) ٹنڈو محمد خان میں کسانوں کو جدید زرعی طریقوں سے آگاہی فراہم کرنے اور زمین کی بہتر پیداوار کے لیے شعور بیدار کرنے کے حوالے سے زرعی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں زرعی ماہرین اور کسانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار میں فصلوں کی بہتر پیداوار کے حوالے سے اہم تجاویز پیش کی گئیں۔

اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عبد الحمید لودھی (ہیڈ آف فارم ایڈوائزری)، ڈاکٹر نہال مری (ڈائریکٹر ٹیکنیکل، ایگریکلچرل ریسرچ)، شعیب اسماعیل (ایگرو سروسز آفیسر)اور سندھ آبادگار چیمبر کے رہنما نبی بخش سٹھیو اور دیگر نے کہا کہ ٹنڈو محمد خان کی زرعی زمینیں نہایت زرخیز ہیں، اور اگر کسان بروقت صحیح فصل، تصدیق شدہ کھاد اور زرعی ادویات کا استعمال کریں تو پیداوار دو سے تین گنا بڑھائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

زرعی ماہرین نے نشاندہی کی کہ جعلی کھادیں اور دوائیں زمین کی زرخیزی کو تباہ کر رہی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ کسان صرف مستند کمپنیوں کی زرعی اشیا استعمال کریں۔کمپنی کی جانب سے کسانوں کو آگاہ کیا گیا کہ وہ مفت میں زمین کی جانچ، کھاد کے استعمال کے مشورے اور زرعی ادویات سے متعلق رہنمائی کمپنی کے ریسرچ سینٹر سے حاصل کر سکتے ہیں۔ڈاکٹر نہال مری نے زور دیا کہ اس وقت ساریالو فصل کے بیج کی بوائی کا وقت چل رہا ہے، اس لیے زمین کی مناسب تیاری اور موسم کے مطابق کھاد کا استعمال بہت ضروری ہے۔

ٹنڈو محمد خان میں موجودہ شدید گرمی کا براہِ راست اثر فصلوں پر پڑ رہا ہے، اس لیے کسانوں کو چاہیے کہ وہ ربیع اور خریف کی فصلیں موسم کے لحاظ سے کاشت کریں۔سونا یوریا کمپنی کے نمائندوں نے بتایا کہ کسان ضرورت پڑنے پر کمپنی کی ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں، جہاں تربیت یافتہ ماہرین انہیں بہترین معلومات فراہم کریں گے۔ سیمینار کا مقصد کسانوں کو جدید سائنسی بنیادوں پر کاشتکاری کی طرف راغب کرنا اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے ۔