وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے نیلم روڈ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا

پیر 30 جون 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) سدرن کوریڈور، ایل ڈی اے سٹی تا پائن ایونیو سٹرکچر پلان روڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے نیلم روڈ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ممبر صوبائی اسمبلی رانا راشد منہاس، ممبر صوبائی اسمبلی میاں عمران اور ن لیگی مقامی قیادت نے شرکت کی۔چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، ایڈیشنل ڈی جی یو پی مدثر احمد شاہ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر عثمان نذر نے بریفنگ دی۔

نیلم روڈ، سدرن کوریڈور، ایل ڈی اے سٹی کو پائن ایونیو سے جوڑے گا۔سدرن کوریڈور نیلم روڈ منصوبہ ایل ڈی اے سٹی کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا۔پائن ایونیو سے ایل ڈی اے سٹی تک13.8کلومیٹرطویل نیلم روڈ تعمیر کی جائے گی۔نیلم روڈ کی تکمیل کے منصوبے کو دو پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پیکج ون پائن ایونیو سے ریلوے لائن اورپیکج ٹوہلوکی سے جناح سیکٹر ایل ڈی اے سٹی پرمشتمل ہے۔

جیا بگا روڈ پر ریلوے لائن پر انڈرپاس تعمیر کیا جائے گا۔نیلم روڈ 2رویہ اور2لین پر مشتمل ہوگی۔ریلوے کراسنگ پر 3لین پر مشتمل انڈرپاس تعمیر کیاجائے گا۔سٹرکچر پلان روڈ کی تعمیر سے یومیہ لاکھوں گاڑیاں مستفید ہونگی،6.93 ارب کی لاگت سے نیلم روڈ منصوبہ 6 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیلم روڈ لاہور شہر کے رہائشیوں کے لیے ایک نیا سدرن کوریڈور ہوگا۔نیلم روڈ کی تعمیر سے ایل ڈی اے سٹی اور پورے علاقے کی شکل بدل جائے گی۔وزیراعلی پنجاب کے مشکور ہیں جنہوں نے دیرینہ مسلہ پر توجہ دی۔ایل ڈی اے رواں سال شہر کی کل 5 اہم سٹرکچر پلان روڈز پر کام کرے گا۔