محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 31 واں اجلاس

سیکرٹری داخلہ پنجاب ،ِقانون نافذ کرنے والے اداروں نے محرم الحرام سکیورٹی پلان پر عملدرآمد بارے بریفنگ دی سائیبر پٹرولنگ سیل نے فرقہ واریت اور اشتعال انگیزی پر مبنی 271 اکانٹ پی ٹی اے کو رپورٹ کیے، 17 افراد گرفتار سوشل میڈیا پر امن و امان کی فضا کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے، خواجہ سلمان رفیق اپنے اضلاع میں فلیگ مارچ کریں اور تمام قواعد و ضوابط پر من وعن عمل کریں، سیکرٹری داخلہ پنجاب

پیر 30 جون 2025 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 31 واں اجلاس ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت و چیئرمین خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری، ایڈیشنل آئی جی چوہدری سلطان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران محرم الحرام کے سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بریفنگ دی۔ کابینہ کمیٹی نے سائیبر پٹرولنگ اینڈ کوئیک ایکشن سیل کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ سائیبر پٹرولنگ سیل سے فرقہ واریت اور اشتعال انگیزی پر مبنی 271 اکانٹ پی ٹی اے کو رپورٹ کیے گئے ہیں۔

اس طرح سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی میں ملوث 17 افراد کو اب تک گرفتار کیا جا چکا ہے۔ کابینہ کمیٹی نے محرم الحرام کے دوران فزیکل کیساتھ سائبر سپیس میں سکیورٹی کے سخت انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب قرآن بورڈ کے عہدیداران کی نامزدگی کیلئے تجاویز پر غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت و چیرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر امن و امان کی فضا کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا سائیبر پٹرولنگ سیل 24/7 متحرک ہے اور فرقہ واریت میں ملوث افراد گرفتار کیے جا رہے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران پولیس کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کیساتھ آرمی اور رینجرز کے جوان بھی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر سے رواداری اور اخوت کا پیغام پھیلانے کی اپیل کرتے ہیں۔ عرس حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رح کیلئے بھرپور سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 9 اور 10 محرم کو دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اسی طرح صوبہ بھر میں اسلحے کی نمائش کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن کی فضا کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ اتحاد بین المسلمین کمیٹیوں، امن کمیٹیوں اور علمائے کرام کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مون سون بارشوں کے سبب دریاں کے ارد گرد علاقوں میں خصوصی اضافی کشتیاں فراہم کی جا چکی ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالہ سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز فیلڈ میں متحرک ہیں۔

قواعد و ضوابط کے مطابق سبیلوں اور موبائل ٹائلٹ کے انتظامات کیے جائیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے انتظامیہ سے کہا کہ اپنے اضلاع میں فلیگ مارچ کریں اور تمام قواعد و ضوابط پر من وعن عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوس و مجالس اور گردو نواح میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور متبادل ذرائع کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ پنجاب بھر سے کمشنرز، ڈی سیز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور اپنے اضلاع بارے بریفنگ دی۔