-محرم الحرام میں امن و امان کیلئے لاہور پولیس کا کریک ڈاؤن، 25 علاقوں میں سرچ آپریشنز

پیر 30 جون 2025 21:30

ص*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2025ء) محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے لاہور پولیس کی جانب سے شہر بھر میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق شہر کے 25 مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 758 گھروں اور 2,491 افراد کی جامع جانچ پڑتال کی گئی۔فیصل کامران نے بتایا کہ 360 کرایہ داروں کے کوائف کی مکمل چھان بین کی گئی، جبکہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 3 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

(جاری ہے)

سرچ آپریشنز کے دوران اسلحہ برآمد ہونے پر 2 ملزمان جبکہ منشیات کی برآمدگی پر 5 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ مزید برآں، مختلف مقدمات میں مطلوب 2 اشتہاری ملزمان کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ امن و امان قائم رکھنے کے لیے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری ناگزیر ہے۔ انسدادی کارروائیوں کے تحت مجموعی طور پر 13 افراد کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ محرم کے دوران امن و سکون کو یقینی بنایا جا سکے۔