سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امورکا اجلاس،سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن منصوبے کی بولی کی مکمل جانچ اور دستاویزات دو روز میں پیش کرنے کی ہدایت

پیر 30 جون 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کا اجلاس سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کےٹینڈرنگ اور معاہدہ سازی کے عمل کا جائزہ لیا گیا ۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقدہ اجلاس میں سینیٹرز حاجی ہدایت اللہ خان، سید وقار مہدی، فلک ناز، کامران مرتضیٰ اور کامل علی آغا شریک ہوئے۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت توانائی (پاور ڈویژن)، چیئرمین این ایچ اے محمد شہریار سلطان، ایم ڈی پی پی آر اے اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ایم ڈی پی پی آر اے نے بتایا کہ سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن (CAREC Tranche-III )منصوبے کے کامیاب بولی دہندہ کے خلاف شکایت موصول ہوئی جس پر 12 جون 2025ء کو سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

این ایچ اے نے متعلقہ دستاویزات فراہم نہیں کیں جس پر شکایت گزار کا موقف تسلیم کرتے ہوئے ٹینڈرنگ عمل معطل کر دیا گیا۔سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ہدایت دی کہ اقتصادی امور ڈویژن اس فیصلے سے متعلق ایف بی آر کو کمپنی کے بینک سٹیٹمنٹس اور ثالث کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے خط لکھے۔کمیٹی نے این ایچ اے کو بولی کی مکمل جانچ رپورٹ اور متعلقہ دستاویزات 2 دن میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ 765 کے وی داسو-اسلام آباد ٹرانسمیشن لائن منصوبے کے لیے منتخب کمپنی سے 1.282 ارب روپے کی وصولی باقی ہے۔ کمیٹی نے معاملہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کو بھیجنے کی سفارش کی۔علاوہ ازیں کمیٹی کو بتایا گیا کہ این-45 سیکشن I (چکدرہ-تیمرگرہ) منصوبہ کئی سال گزرنے کے باوجود نامکمل ہے۔کمیٹی نے شفافیت یقینی بنانے اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات پر زور دیا۔