این-25 ایکسپریس وے منصوبے کی پیش رفت پر اعلیٰ سطح اجلاس ، منصوبے کی سنگ بنیاد 14 اگست کو رکھنے کا فیصلہ

منگل 1 جولائی 2025 13:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت این-25 ایکسپریس وے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارتِ مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

این ایچ اے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ این -25 ایکسپریس وے کی تعمیر چار مراحل میں جاری ہے۔ اس وقت جیوا سے سوراب تک 51 کلومیٹر طویل حصے پر 68 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے ہدایت کی کہ منصوبے سے متعلق تمام قانونی اور انتظامی کارروائیاں فوری طور پر مکمل کی جائیں تاکہ منصوبے کی سنگ بنیاد کی تقریب 14 اگست 2025 کو منعقد کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزارت مواصلات کو اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ایکسپریس وے کے دونوں اطراف جدید سہولیات سے آراستہ سروس ایریاز تعمیر کیے جائیں جن میں ریسٹ ایریاز، فیول پمپس، ریستوران، ورکشاپس اور دیگر ضروری سہولیات شامل ہوں۔ انہوں نے سروس ایریاز کے مقامات کے تعین کے لیے ٹرک کمپنیوں سے مشاورت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ سہولیات کو زمینی حقائق کے مطابق ترتیب دیا جا سکے۔

احسن اقبال نے این-25 منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے خصوصی سیکیورٹی فورس مختص کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس موقع پر یاد دہانی کرائی کہ اس سے قبل این-85 منصوبے کے دوران ایف ڈبلیو او کے 42 اہلکار شہید ہوئے، جس سے اس نوعیت کے منصوبوں میں سیکیورٹی کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔وفاقی وزیر نے این-25 کو سندھ اور بلوچستان کے درمیان ایک کلیدی مواصلاتی رابطہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ایران اور افغانستان کے راستے وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی کا ایک ممکنہ گیٹ وے ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کی راہیں کھولے گی اور علاقے کے عوام کو ترقی کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔وفاقی وزیر نے منصوبے کو اگست 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام تر وسائل بروئے کار لا کر منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔