بد قسمتی سے پالیسی سازی غیر مستقل ،ایڈ ہاک بنیادوں پر چل رہی ہے ‘ خادم حسین

نجکاری کا عمل کیوں کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو رہا اس کی کھوج لگائی جائے‘ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی

منگل 1 جولائی 2025 15:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)فائونڈر گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے پالیسی سازی غیر مستقل اور ایڈ ہاک بنیادوں پر چل رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں پیداواری کاروبار میں سرمایہ کاری کا جواز باقی نہیں رہتا،حکومت کو اس کی کھوج لگانی چاہیے کہ نجکاری کا عمل کیوں کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو رہا اور اصل رکاوٹ کون ہے ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ اس وقت جب اسٹاک مارکیٹ ریکارڈ بلندی پر ہے، کمپنیوں کی ویلیوایشن بہتر ہو رہی ہے، حکومت کے لیے نجکاری کا عمل تیز کرنے کا یہ بہترین وقت ہے، ویلیوایشن موزوں ہے اور مارکیٹ میں وافر کیش موجود ہے ، اس کی فضاء بن چکی ہے اور اس نادر موقعے کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں پالیسی سازی میں مستقل مزاجی نہیں ہے جس کی وجہ سے بڑے سرمایہ کار خوف کھاتے ہیں ، حکومتوں کو اپنے اوپر سے اس لیبل کو اتارنا ہوگا تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہت پوٹینشل ہے لیکن اختیارات رکھنے والے خصوصاً بیورو کریسی اس طرح اپنی توانائیاں استعمال کرنے کیلئے تیار نہیں جس کی ملک کو اس وقت ضرورت ہے ۔