نوجوان پروفیسر کا لیکچر کے دوران اچانک انتقال، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی

مرحوم پروفیسر کی شناخت نیاز احمد کے نام سے ہوئی جو لاہور ٹیچرز ٹریننگ پروگرام میں لیکچر دے رہے تھے

Sajid Ali ساجد علی منگل 1 جولائی 2025 14:16

نوجوان پروفیسر کا لیکچر کے دوران اچانک انتقال، ویڈیو سوشل میڈیا پر ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی 2025ء ) لاہور میں نوجوان پروفیسر کا لیکچر کے دوران اچانک انتقال ہوگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بظاہر ہشاش بشاش نظر آنے والے ایک نوجوان پروفیسر لیکچر دے رہے ہوتے ہیں کہ اس دوران اچانک وہ نیچے فرش پر سجدے کی حالت میں بیٹھ جاتے ہیں، یہ منظر دیکھ کر ہال میں موجود افراد تشویش میں مبتلا ہوگئے اور فوری ایک شخص آگے بڑھ کر جب نوجوان پروفیسر کو سہارا دینے کی کوشش کرتے ہیں تو پتا چلتا ہے ان کا انتقال ہوچکا ہے۔

 
 بعد ازاں وفات پانے والے نوجوان پروفیسر کی شناخت نیاز احمد کے نام سے ہوئی اور پتا چلا کہ وہ لاہور ٹیچرز ٹریننگ پروگرام میں لیکچر دے رہے تھے کہ اس دوران اچانک انتقال کرگئے، ان کا تعلق شاہ جمال مظفر گڑھ سے ہے، مرحوم پروفیسر نیاز احمد کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کی جائے گی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ہارٹ اٹیک جسے طبی زبان میں مایوکارڈیل انفکشن بھی کہا جاتا ہے، یہ ایک سنگین حالت ہے جس میں دل کو خون کی فراہمی اچانک رک جاتی ہے، جس کی وجہ سے دل کے پٹھوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، ہارٹ اٹیک اکثر کورونری شریانوں میں رکاوٹ کی وجہ سے ہوتا ہے جو دل کو خون فراہم کرتی ہیں، اگر اس کا فوری علاج نہ کیا جائے تو یہ اکثر جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ ہارٹ اٹیک کی وجوہات میں کورونری شریان کی بیماری بھی شامل ہے جو دل کے دورے کی سب سے عام وجہ ہے جہاں چکنائی اور کولیسٹرول کی تہہ شریانوں میں جمع ہو جاتی ہے جس سے خون کا بہاؤ کم ہو جاتا ہے، اس کے علاوہ خون کے لوتھڑے بھی شریانوں میں بن سکتے ہیں جو خون کے بہاؤ کو روک سکتے ہیں، دیگر عوامل میں تمباکو نوشی، ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، موٹاپا اور خاندانی تاریخ بھی ہارٹ اٹیک کے خطرے کو بڑھا سکتے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ ہارٹ اٹیک کی علامات میں سینے میں درد یا تکلیف، سانس لینے میں دشواری، متلی و قے، چکر آنا، بازوؤں، گردن، جبڑے یا کمر میں درد، بے چینی یا گھبراہٹ شامل ہیں، ان علامات کی صورت میں فوری طبی امداد ضروری ہے، علاج میں ادویات، انجیو پلاسٹی، یا بائی پاس سرجری شامل ہو سکتی ہے، صحت مند طرز زندگی اپنانا ہارٹ اٹیک سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر تمباکو نوشی سے پرہیز کریں، صحت مند غذا کھائیں، ورزش کریں، وزن کو کنٹرول کریں، ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کریں۔