کاروباری ہفتے کے پہلے روز صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں 1500 روپے کا اضافہ ہوگیا

فی تولہ سونے کی نئی قیمت بڑھ کر 3 لاکھ 57 ہزار 700 روپے کی سطح پر پہنچ گئی، 10 گرام سونے کی قیمت میں 1286 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 18 اگست 2025 20:45

کاروباری ہفتے کے پہلے روز صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں 1500 روپے ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 18 اگست 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ بڑے اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔

آج ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار 500 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ جس کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 57 ہزار 700 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 286 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

نئی قیمت 3 لاکھ 6 ہزار 670 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 15 ڈالرز فی اونس اضافے کے بعد 3350 ڈالرز فی اونس ہو گئی۔ 
دوسری جانب عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی حقیقی شرح نمو 2027 تک 3.5 فیصد تک ہونے کی پیشگوئی کردی ہے، رپورٹ میں کہا گیا کہ معاشی دباؤ کم اور کاروباری حالات بہتر ہوئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق فچ کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ پاکستان کا قرض منظرنامہ مضبوط ، معاشی دباؤ کم اور کاروباری حالات بہتر ہوئے ہیں، پاکستان کے بینکوں نے ریاستی اداروں کو بڑے قرض فراہم کئے ہوئے ہیں, بینکوں کی بڑی سرمایہ کاری حکومت کی سیکیورٹیز میں ہے، بینک کاروباری حجم بڑھانے کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

فچ نے کہا کہ پاکستان میں مشکل دور اور بلند افراط زر کے بعد معاشی بحالی آئی ہے۔ مزید برآں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے اصلاحاتی ایجنڈے پر کام جاری ہے، اصلاحات کرنے سے برآمدات کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، کیپیٹل مارکیٹس ڈویلپمنٹ کونسل بنانے جا رہے ہیں۔ اس ڈویلپنٹ کونسل کے اسٹیٹ بینک اور دیگر ادارے شراکت دار ہوں گے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ پاپولیشن، گروتھ اور موسمیاتی تبدیلی کے مسائل اور بچیاں اسکولوں سے باہر ہیں۔ اس معاملے پر ورلڈ بینک کی فنڈنگ آگئی ہے، ملک میں ان مسائل کے لئے فنڈنگ کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ اس وقت ہم 37ویں پروگرام میں موجود ہیں، آئی ایم ایف ٹیم ستمبر میں پاکستان آئے گی۔ پاکستان کو آئی ایم ایف سے 13 لاکھ ڈالرز ملنے کا امکان ہے۔