خاتون محتسب پنجاب کا فیصلہ بد دیانتی قرار، گورنر نے فیصلہ جاری کردیا

گورنر پنجاب نے سابق سیکرٹری فوڈ معظم اقبال سپرا کو تمام الزامات سے بری کر دیا

منگل 1 جولائی 2025 16:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب ایڈمنسٹریٹیو سروس (پی اے ایس)گریڈ 20کے افسر اور سابق سیکرٹری فوڈ معظم اقبال سپرا کی برخاستگی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں تمام الزامات سے بری کر دیا ۔ گورنر کی جانب سے جاری کیے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خاتون محتسب پنجاب کا فیصلہ بددیانتی پر مبنی تھا اور انہوں نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔

گورنر پنجاب نے بحیثیت اپیلٹ اتھارٹی واضح کیا کہ معظم اقبال سپرا کو نہ تو نوٹس دیا گیا اور نہ ہی صفائی کا موقع فراہم کیا گیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان فیصلے کے مطابق خاتون محتسب نے سپرا کو نوکری سے برخاست کرنے کا جو حکم دیا وہ غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز تھا۔

(جاری ہے)

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ نے ابتدائی درخواست میں جنسی ہراسانی کا کوئی ذکر نہیں کیا تھا، بلکہ یہ الزام دو سال بعد عائد کیا گیا، جب معظم اقبال سپرا پہلے ہی فریحہ ارم وڑائچ کو غیر حاضری اور بدانتظامی کی بنیاد پر نوکری سے برخاست کر چکے تھے۔

گورنر کے فیصلے میں اس امر پر بھی سوال اٹھایا گیا کہ شکایت کنندہ نے ایسے افراد کو گواہی کے لیے پیش کیا جو خود کرپشن کے الزامات میں ملازمت سے برطرف کیے جا چکے تھے۔عدالتی فیصلے کے مطابق، تمام شواہد اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد گورنر پنجاب نے معظم اقبال سپرا کو تمام الزامات سے بری کر دیا ہے اور ان کی برخاستگی کا حکم منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کو بیوروکریسی اور قانونی ماہرین کی جانب سے ایک اہم نظیر قرار دیا جا رہا ہے۔